اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی جیلوں میں سات ہزار سے زائد فلسطینی قید ہیں جن میں ساڑھے سات سو ایسے فلسطینی قیدی ہیں جنھیں کوئی وجہ بتائے بغیر قید میں رکھا جا رہا ہے- ان فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں پانچ ہزار فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے- متعدد فلسطینی قیدیوں نے صیہونی حکومت کی جیلوں کی ابتر صورتحال اور قیدیوں پر صیہونیوں کے تشدد کے خلاف پہلے سے ہی بھوک ہڑتال کر رکھی ہے-
اس درمیان فلسطینی قیدیوں کے امور کی پیروی کرنے والی فلسطینی کمیٹی نے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے دو فلسطینی قیدیوں محمد اور محمود البلبول کی جسمانی صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان دونوں بھائیوں کی سلامتی کو لاحق خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
واضح رہے کہ شہدا الاقصی بریگیڈ کے کمانڈر شہید احمد البلبول کے دو بیٹوں محمد اور محمود البلبول نے گذشتہ دو مہینے سے صیہونی حکومت کی جیل کی ابتر صورتحال کے خلاف بھوک ہرتال کر رکھی ہے - ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محمود البلبول کچھ بھی کھانے پینے کے لئے تیار نہیں ہیں حتی طاقت پہنچانے والے انجکشن لگوانے کو بھی تیار نہیں ہیں اور اگر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے تو وہ جسمانی طور پر مفلوج اور معذور ہو جائیں گے۔
.......
/169